لندن،7جون؍(آئی این ایس انڈیا)باکسنگ لیجنڈ محمد علی کی نماز جنازہ جمعرات کے روز ادا کی جائے گی۔ اگلے روز جمعے کی صبح انہیں ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویل کے ایک مشہور قبرستان Cave Hillمیں اسلامی سیکشن میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ تدفین میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی شریک ہوں گے اور دنیا بھر میں اعتدال پسند اسلام کے سفیر کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ محمدعلی نے 74سال قبل لوئی ویل میں آنکھ کھولی تھی اور زندگی کا بڑا حصہ اسی شہر میں گزارا۔باکسنگ لیجنڈ کی نماز جنازہ کے لیے شیخ زید کو مقرر کیا گیا ہے۔شیخ نے بتایا کہ نماز جنازہ کا انعقاد شہر میں کینٹکی چکن فاسٹ فوڈ نیٹ ورک کے ایک ہالFreedom Hallمیں کیا جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے نماز جنازہ میں شرکت کے متمنی 18ہزار افراد شہر کی کسی مسجد میں نہیں آ سکتے جنہوں نے اس سلسلے میں پیشگی طور اپنی جگہائیں محفوظ کرا لی ہیں۔شیخ زید سے محمد علی اور ان کے گھر والوں کا تعارف 6 سال قبل ہوا تھا جس کے بعد سے وہ اس گھرانے کے لیے مذہبی مشیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ عربی زبان پر مہارت رکھتے ہیں اور اسے عربوں کی طرح بولتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ 7برس شام میں مقیم رہے جہاں انہوں نے اسلامی علوم کی تعلیم حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک سال قاہرہ میں اور اس سے کچھ کم عرصہ مراکش میں بھی گزارا۔ آئرش نژاد امریکی شیخ زید 1956میں کیلیفورنیا کے شہر ’’برکلے‘‘میں پیدا ہوئے تو ان کا نامRicky DarylMitchell رکھا گیا۔ 1977میں 21برس کی عمر میں انہوں نے اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کر کے زید سلیم شاکر کرلیا۔ وہ ابھی تک امریکی فضائیہ سے وابستہ ہیں۔محمد علی کی آخری رسوم میں جن نمایاں شخصیات کی شرکت متوقع ہے ان میں مزاحیہ اداکار بیلی کریسٹل، کھیلوں کی دنیا کے صحافی برائنٹ گمبل، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن اور باکسنگ لیجنڈ کے گھرانے کے ترجمان بوب گونل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر تقریب میں امریکی صدر باراک اوباما کے شریک ہونے سے متعلق افواہیں بھی گردش میں ہیں۔شیخ زید کے مطابق محمد علی کی قبر اپنے والدین کی مشترکہ قبر کے قریب نہیں ہوگی جو محمد علی کی آخری آرام گاہ سے 23کلومیٹر دورGreen Meadows Memorialمیں واقع ہے۔ یاد رہے کہ محمد علی کے اکلوتے بھائی رحمان علی نے 2013میں برطانوی اخبار ’’سن‘‘کو بتایا تھا کہ محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ اگر وہ رحمان علی سے پہلے فوت ہوجائیں تو ان کو اپنے والدین کی قبر کے نزدیک دفن کیا جائے۔ اس کے علاوہ قبر کے کتبے پر 1968میں قتل کر دیے جانے والے امریکی پادری مارٹن لوتھر کنگ کے یہ جملے بھی کندہ کرائے جائیں کہ میں نے کسی کو چاہنے کی کوشش کی اور یہ کہ میں انسانیت سے پیار کروں اور اس کی خدمت کروں۔ درحقیقت میں نے بھوکوں کو کھلانے اور بے لباسوں کو کپڑے پہنانے کی کوشش کی۔شیخ زید نے باور کرایا کہ لیجنڈ باکسر کی میراث بھی ان کا معاملہ نہیں ہے کہ وہ ان کی نو اولاد میں اس کی تقسیم کے بارے میں گفتگو کریں۔ یہ معاملہ خالصتا امریکی عدلیہ سے متعلق ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شیخ زید کا شمار مغربی دنیا کی 9با اثر ترین مسلمان شخصیات میں ہوتا ہے۔ اپنے نام زید سلیم شاکر کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس نام کے الفاظ قرآن کریم کی مختلف سورتوں سے لیے گئے ہیں۔